جیو نیوز حساس ڈاکومنٹری معاملہ: پیمرا اتھارٹی نے حتمی فیصلہ اور حکم نامہ جاری کر دیا

جیو نیوز حساس ڈاکومنٹری معاملہ: پیمرا اتھارٹی نے حتمی فیصلہ اور حکم نامہ جاری کر دیا

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے جیو نیوز کے پروگرام “سفر عشق” کی 10 محرم الحرام کی نشریات میں مذہبی تصویر کشی سے متعلق کیس کا حتمی فیصلہ جاری کرتے ہوئے چینل کے خلاف پہلے سے جاری کارروائی کو برقرار رکھا ہے۔

پیمرا اتھارٹی نے یہ فیصلہ 11 جولائی کو منعقد ہونے والے اپنے 191ویں اجلاس میں کیا، جہاں معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

فیصلے کے مطابق اجلاس میں کونسل آف کمپلینٹس لاہور کی سفارشات، کارروائی کا ریکارڈ، لائسنس ہولڈر کے تحریری و زبانی مؤقف، پیمرا آرڈیننس 2002، متعلقہ قواعد اور الیکٹرانک میڈیا (پروگرامز اینڈ ایڈورٹائزمنٹس) کوڈ آف کنڈکٹ 2015 کی متعلقہ شقوں کو مدنظر رکھا گیا۔

پیمرا کے مطابق کونسل آف کمپلینٹس لاہور نے اس معاملے پر 30 جون، 2 جولائی اور 10 جولائی 2026 کو منعقد ہونے والے اپنے بالترتیب 127ویں، 128ویں اور 129ویں اجلاسوں میں غور کیا۔ لائسنس ہولڈر کے نمائندگان کا مؤقف سننے، ریکارڈ کا جائزہ لینے اور اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے کو مدنظر رکھنے کے بعد کونسل نے اپنی سفارشات اتھارٹی کو پیش کیں۔

یہ بھی پڑھیں: جیو نیوز نےحساس ڈاکیومینٹری بنانے اور اس کو منظور کرنے والے افراد کو نوکری سے برطرف کردیا

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جیو نیوز اور اس کے نمائندگان کو وضاحت کا مناسب موقع فراہم کیا گیا، تاہم اتھارٹی نے قرار دیا کہ مذکورہ خلاف ورزی سنگین نوعیت کی ہے جو ذمہ دارانہ نشریات کے تقاضوں اور پیمرا قوانین کے تحت لائسنس ہولڈر کی ذمہ داریوں کے منافی ہے۔

پیمرا نے کہا کہ جیو نیوز کی جانب سے غفلت تسلیم کرنے، اظہارِ ندامت اور تمام میڈیا پلیٹ فارمز پر غیر مشروط معذرت کو تخفیفی عوامل کے طور پر مدنظر رکھا گیا، تاہم یہ عوامل خلاف ورزی یا اس کے قانونی نتائج کو ختم نہیں کرتے۔

حتمی فیصلے کے مطابق 27 جون 2026 کو جیو نیوز کا لائسنس 15 روز کے لیے معطل کرنے کا حکم درست قرار دیا گیا ہے اور معطلی آج رات 12 بجے تک برقرار رہے گی۔

پیمرا نے واضح کیا کہ جیو نیوز کی نشریات معطلی کی مدت مکمل ہونے اور ایک کروڑ روپے جرمانے کی ادائیگی کے بعد ہی بحال کی جا سکیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: جیو نیوز کیس: اسلامی نظریاتی کونسل کا خط موصول ، حتمی فیصلہ پیمرا پر چھوڑ دیا

اتھارٹی نے جیو نیوز انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں ناکامی پر متعلقہ افراد کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی مکمل کرکے انہیں برطرف کیا جائے۔ فیصلے کے مطابق کارروائی کے نتیجے میں ملازمت سے فارغ کیے جانے والے افراد پیمرا کے زیر نگرانی کسی بھی لائسنس یافتہ، رجسٹرڈ یا مجاز سروس سے براہ راست یا بالواسطہ کسی بھی حیثیت میں دوبارہ منسلک نہیں ہو سکیں گے۔

پیمرا نے جیو نیوز کو خبردار کیا کہ اگر آئندہ ایسی غفلت دوبارہ سامنے آئی تو قانون کے مطابق اس کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔

اتھارٹی نے جیو نیوز سمیت تمام لائسنس یافتگان کو ہدایت کی کہ وہ غیر جانبدار اور باصلاحیت اِن ہاؤس مانیٹرنگ کمیٹی یا ایڈیٹوریل بورڈ تشکیل دیں، پیمرا کو اس کی تفصیلات فراہم کریں اور ہر نشریاتی مواد کی پیشگی ادارتی جانچ کو یقینی بنائیں۔

یہ بھی پڑھیں: پیمرا کا بروقت نوٹس اور جیو نیوزکا اپنی غلطی کا اعتراف ایک مثبت اقدام ہے ، مفتی طارق مسعود

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ تمام لائسنس یافتگان کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے ازخود نوٹس کیس نمبر 28 آف 2018 (PLD 2019 SC 1) کے فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کے لیے علیحدہ ہدایت نامہ بھی جاری کیا جائے گا۔

پیمرا نے خبردار کیا کہ آئندہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Related Articles