حکومت نے سرکاری ملازمین کی پنشن سے متعلق بڑی خوشخبری سنا دی

حکومت نے سرکاری ملازمین کی پنشن سے متعلق بڑی خوشخبری سنا دی

پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین کے لواحقین کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے بیواؤں اور غیر شادی شدہ بیٹیوں کے لیے تاحیات پنشن کی سہولت دوبارہ بحال کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی منظوری کے بعد محکمہ خزانہ نے اس پالیسی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

اس سے قبل سرکاری ملازم کی وفات کے بعد بیوہ یا بیٹی کو پنشن صرف 10 سال تک دینے کی شرط مقرر کی گئی تھی، تاہم اب اس شرط کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے، جس کے بعد مستحق بیوائیں اور غیر شادی شدہ بیٹیاں تاحیات پنشن حاصل کرنے کی اہل ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: صدر آصف علی زرداری دو روزہ سرکاری دورے پر کرغزستان پہنچ گئے، کرغز صدر کا پرتپاک استقبال

ترمیمی قوانین کے مطابق پنشن کی ادائیگی مقررہ اصولوں کے تحت کی جائے گی۔ ان قواعد کے مطابق بیوائیں اور غیر شادی شدہ بیٹیاں عمر بھر پنشن وصول کر سکیں گی، تاہم اگر کوئی بیوہ دوسری شادی کر لے تو اس کی پنشن فوری طور پر بند کر دی جائے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اگر کسی متوفی سرکاری ملازم کی ایک سے زیادہ بیوائیں ہوں تو پنشن کی مجموعی رقم تمام بیواؤں میں برابر تقسیم کی جائے گی۔

یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت ہونے والے کابینہ کے حالیہ اجلاس میں کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد سرکاری ملازمین کے انتقال کے بعد ان کے اہلخانہ کو مستقل مالی تحفظ فراہم کرنا اور انہیں معاشی مشکلات سے محفوظ رکھنا ہے۔

Related Articles