پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر ایک بار پھر اپنے فلاحی جذبے کے باعث مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات کے مطابق ہانیہ عامر نے معروف گلوکار ابرار الحق کی فلاحی تنظیم کے زیرِ انتظام چلنے والے اسپتال کے لیے ایک مکمل وارڈ عطیہ کیا ہے، جسے “فریال نگہت” کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔
اسپتال انتظامیہ اور ٹرسٹ کی جانب سے بھی اس اقدام کی تصدیق کرتے ہوئے اداکارہ کے جذبۂ خدمت کو سراہا گیا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ مذکورہ اسپتال میں اب تک ہزاروں مستحق مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں، جبکہ نئے وارڈ کے اضافے سے مزید افراد مستفید ہو سکیں گے۔
ہانیہ عامر کے اس اقدام کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ مداحوں کا کہنا ہے کہ شہرت اور کامیابی کے باوجود معاشرے کی خدمت کا جذبہ قابلِ ستائش ہے۔
سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے اداکارہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک نرم دل اور انسان دوست شخصیت قرار دیا۔ کئی مداحوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں اس نیکی کا بہترین اجر عطا فرمائے۔
ہانیہ عامر ماضی میں بھی مختلف سماجی اور فلاحی سرگرمیوں میں حصہ لیتی رہی ہیں، جبکہ ان کا حالیہ اقدام ایک بار پھر ان کے انسان دوست رویے کی عکاسی کرتا ہے۔