محکمہ موسمیات نے ملک کئی کے علاقوں تیز ہوائوں اور گرج چمک کیساتھ بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کر دی۔
رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں آج 18 جنوری سے گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر شدید برفباری کا امکان ہے اور یہ سلسلہ 21 جنوری تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ مزیدبرآں بلوچستان، گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات میں بھی بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ اسلام آباد، پشاور، سوات، دیر، اور چترال سمیت مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ماہرین موسمیات نے زیارت، قلات، چمن، نوشکی اور پشین میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، جس کے باعث سردی کی شدت مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ عوام کو موسم کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب ملک کے مختلف حصے شدید دھند کی زد میں آ گئے ہیں، جس کے باعث حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے متعدد موٹرویز اور شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 2 کو لاہور سے کوٹ مومن، ایم 3 کو سمندری سے درخانہ، اور ایم 4 کو گوجرہ سے ملتان تک بند کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح ایم 5 پر ملتان سے روہڑی تک گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد ہے۔ قومی شاہراہوں پر بھی شدید دھند کے باعث گاڑیاں سست روی کا شکار ہیں جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
موٹروے پولیس نے ڈرائیورز کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں میں دھند والی فوگ لائٹس کا استعمال کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں، تیز رفتاری سے اجتناب کریں اور گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھیں۔