ملتان ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کیخلاف پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہو گئی ہے ، دوسرے دن کے اختتام تک قومی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنا لیےاورمجموعی طور پر202 رنز کی برتری حاصل کرلی ۔
قومی کرکٹ ٹیم پہلی اننگز میں 230 رنز بناکر آؤٹ ہوئی جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو پہلی اننگز میں پاکستانی اسپنرز نے 137رنز پر میدان بدر کر دیا۔ 93 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز شروع کرنے والی پاکستانی ٹیم نے دوسرے روز کے کھیل کے خاتمے تک تین وکٹ پر 109رنز بنائے اور اسے مہمان ٹیم پر 202 رنز کی برتری حاصل ہے۔
کامران غلام 9 اورسعود شکیل 2 رنز پر کریز پر موجود ہیں۔ کپتان شان مسعود 52رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ ہریرہ نے 29 رنز بنائے جبکہ بابر اعظم 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے ۔ اس سے قبل پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 143رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے آگے بڑھائی، سعود شکیل اور محمد رضوان نے مزید 44 رنز کا اضافہ کیا، سعو د شکیل 84 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کالی آندھی کے خلاف نعمان علی نے5 وکٹیں حاصل کیں ۔ محمد رضوان نے 71 رنز بنائے، سلمان آغا، نعمان علی، ساجد خان ، خرم شہزاد زیادہ مزاحمت نہ کرسکے اور پاکستانی ٹیم 230رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز اور جومیل وریکن نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے پہلے ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کا آغاز تباہ کن رہا صرف 51 رنز پر 7 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، ابتدائی چار وکٹیں ساجد خان نے گرائیں، ان کے بعد نعمان علی نے ہاتھ دکھائے اور پنجہ گاڑھ دیا۔آخری وکٹ ابرار احمد کے حصے میں آئی اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم 137 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔ پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومیل وریکن نے 31 اور جیڈن سیلز نے 22رنز بنائے۔