ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان تقریباً پچاس منٹ تک گفتگو جاری رہی۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے جاری کوششوں پر بھی تفصیلی بات چیت کی۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 11 اور 12 اپریل کو اسلام آباد میں منعقدہ مذاکرات میں ایرانی وفد کی شرکت کو سراہا اور عباس عراقچی کی قیادت میں وفد اسلام آباد بھیجنے کا خیرمقدم کیا۔
بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطوں اور قریبی مشاورت کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی امن کاوشوں میں اہم کردار پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایران اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم اور وسیع ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کو خطے میں امن کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا یقین دلایا اور کہا کہ پاکستان امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے اپنی مخلصانہ اور سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گا۔
انہوں نے ایرانی صدر کو اپنی حالیہ سفارتی سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ عالمی رہنماؤں سے روابط نے پائیدار امن کے لیے مکالمے اور سفارتکاری کی حمایت میں وسیع تر اتفاق رائے پیدا کرنے میں مدد دی ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورہ تہران کے دوران ایرانی قیادت کے ساتھ ہونے والی مفید بات چیت کو بھی سراہا اور ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے نیک تمناؤں اور احترام کا پیغام بھی پہنچایا۔