پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں مرحلے کے فائنل مقابلے کے لیے شائقینِ کرکٹ کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے
فائنل میچ کے ٹکٹوں کی فروخت آج سے آن لائن شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے باعث شائقین میں زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اس اہم مقابلے کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان سپر لیگ کے حکام نے تفصیلی مشاورت کی۔
اجلاس کے دوران اسٹیڈیم میں سکیورٹی کے انتظامات، شائقین کی سہولت، آمد و رفت اور دیگر انتظامی امور کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا تاکہ فائنل کے موقع پر کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے، حکام کا کہنا ہے کہ اس بار شائقین کو بہتر اور محفوظ ماحول فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
ٹکٹوں کی قیمتوں کی حتمی منظوری سید محسن رضا نقوی دیں گے، جس کے بعد باقاعدہ اعلان کیا جائے گا، ابتدائی مرحلے میں ٹکٹوں کی فروخت آن لائن ذرائع سے شروع کی جائے گی، جبکہ طباعت مکمل ہونے کے بعد کاغذی ٹکٹ بھی جلد دستیاب ہوں گے۔
ایک اور اہم پیش رفت میں شہباز شریف نے فائنل میچ کے دوران شائقین کو اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت دے دی ہے، جس سے میچ کی رونقوں میں مزید اضافہ متوقع ہے۔