اسلام آباد: سپریم کورٹ کے تین ججز نے بینچز اختیارات کے کیس کو مقرر نہ کرنے پر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان کو خط لکھا ہے۔
سینئر ججز جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس عائشہ ملک، اور جسٹس عقیل عباسی نے خط میں 16 جنوری کو جسٹس عقیل کو بینچ میں شامل کیے جانے کا ذکر کیا اور 20 جنوری کو کیس کی سماعت نہ ہونے پر شکایت کی۔
خط میں کہا گیا کہ 17 جنوری کو ہونے والے پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کے اجلاس میں جسٹس منصور علی شاہ نے کمیٹی میں شرکت سے انکار کیا اور کہا کہ ان کا نقطہ نظر ریکارڈ پر موجود ہے۔ لہذا کمیٹی کو ان کی شرکت کی ضرورت نہیں۔ جسٹس منصور علی شاہ نے مزید کہا کہ کمیٹی کو 20 جنوری کو کیس سماعت کے لیے مقرر کرنے کے لیے سابقہ بینچ تشکیل دینا چاہیے تھا، نہ کہ کیس کو ملتوی کرنا جو کہ جوڈیشل آرڈر کی خلاف ورزی ہے۔
ذرائع کے مطابق جسٹس منصور علی شاہ نے خط میں اس معاملے کو توہین عدالت قرار دیا ہے۔
