دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظرپنچاب کاؤنٹرٹیررازم ڈپارٹمینٹ (سی ٹی ڈی) نے صوبے کے مختلف شہروں میں بڑے پیمانے پر خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیے، جس کے نتیجے میں 16 دہشت گرد اور ایک خطرناک خود کش حملہ آور بھی گرفتار کر لیا گیا ۔آپریشن کےدوران مزید اہم کامیابیاں بھی حاصل ہوئیں۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق پنجاب بھر میں مجموعی طور پر 113 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن کے نتیجے میں 16 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ یہ کارروائیاں خوشاب، میانوالی، راولپنڈی، جھنگ، بھکر، لاہور، فیصل آباد، چکوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد اور گوجرانوالہ میں کی گئیں۔
ترجمان کے مطابق جھنگ میں کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والا ایک خطرناک خودکش بمبار غازی مرجان کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے خودکش جیکٹ اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔ اسی طرح سرگودھا میں حساس اداروں پر حملوں میں ملوث دہشت گرد ملے خان کو بھی حراست میں لیا گیا۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد پولیس چوکیوں پر حملوں کی باقاعدہ منصوبہ بندی مکمل کر چکے تھے، تاہم بروقت کارروائی کے باعث بڑے نقصان سے بچا لیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، خودکش جیکٹ، ڈیٹونیٹرز، 14 عدد حفاظتی فیوز وائر (تقریباً 25 فٹ)، ممنوعہ لٹریچر، اسٹیکرز اورنقدی بھی برآمد کی گئی۔
ترجمان کے مطابق گرفتار افراد کی شناخت غازی مرجان، معین خان، اصیل دین، ناصر شاہ، نصیب خان، ابرار، یوسف، ملے خان اور اسام سمیت دیگر ناموں سے ہوئی ہے۔ مزید برآں، رواں ہفتے کے دوران سی ٹی ڈی نے 2830 کومبنگ آپریشنز بھی کیے، جن میں 95 ہزار 755 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ 190 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ادارہ محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے