وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت لاہور میں ہونے والے خصوصی اجلاس میں صوبے بھر کے اہم اور بڑے روڈ پراجیکٹس کی منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں ملتان-وہاڑی روڈ کو صوبے کی پہلی ڈسٹ فری سڑک قرار دیتے ہوئے اس کی بروقت اور معیاری تکمیل پر زور دیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سڑک کی بیس اور سب بیس مکمل ہو چکی ہے جبکہ اسفالٹ بچھانے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
وزیراعلیٰ نے لاہور رنگ روڈ کے ایس ایل فور منصوبے کی منظوری دی، جبکہ سیالکوٹ رنگ روڈ کے مختلف مراحل کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ وزیرآباد روڈ تا سیالکوٹ-پسرور رنگ روڈ کی تعمیر کا منصوبہ بھی زیر غور آیا۔
اجلاس میں بھکر، لیہ اور تھل کے علاقوں کو ایم فور موٹروے سے ملانے کے لیے تھل ایکسپریس وے منصوبے پر بھی غور کیا گیا، جبکہ راولپنڈی سگنل فری کوریڈور پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، جہاں 7 انڈر پاسز اور ایک اوورہیڈ برج تعمیر کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام جاری منصوبوں کی ہفتہ وار رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ہر صورت 30 جون تک تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔
بریفنگ کے مطابق پنجاب میں روڈ سیکٹر کے 2143 منصوبوں پر کام جاری ہے، جن میں سے 258 زیر تکمیل ہیں، جبکہ مختلف شہروں میں 462 اسکیموں میں سے 376 مکمل اور 86 پر کام جاری ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار 12 ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی گئی ہے، اور دیہی رابطہ سڑکوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے تاکہ کھیت سے منڈی اور صنعت سے مارکیٹ تک رسائی آسان بنائی جا سکے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ مساوی ترقی کے لیے ہر شہر اور گاؤں تک سڑکوں کا جال بچھانا ناگزیر ہے، جبکہ لاہور ٹورازم ہائی وے منصوبے میں شجرکاری کو بھی یقینی بنایا جائے۔