پاکستانی فلم انڈسٹری نے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ جیو فلمز اور فلم والا پکچرز کی پیشکش، پاکستان کی پہلی زومبی تھرلر فلم ’’زومبیڈ‘‘ کا آفیشل وی ایف ایکس بریک ڈاؤن جاری کر دیا گیا ہے۔
جاری کی گئی ویڈیو میں فلم کے شاندار بصری اثرات (وی ایف ایکس) کے پسِ پردہ ہونے والی محنت، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور تخلیقی عمل کی جھلک پیش کی گئی ہے۔ ویڈیو سے واضح ہوتا ہے کہ مقامی فنکار اور تکنیکی ماہرین بھی محدود وسائل میں عالمی معیار کے بصری مناظر تخلیق کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ہدایت کار نبیل قریشی کی فلم ’’زومبیڈ‘‘ کو پاکستانی سینما کی ایک منفرد اور جرات مندانہ پیشکش قرار دیا جا رہا ہے۔ وی ایف ایکس بریک ڈاؤن میں فلم کے بڑے ایکشن مناظر، خوفناک زومبیز، سیٹ ڈیزائن اور پیچیدہ ویژول سیکوئنسز کی تیاری کے مختلف مراحل دکھائے گئے ہیں۔
باکس آفس پر کامیابی حاصل کرنے کے بعد جاری ہونے والی اس ویڈیو نے نہ صرف فلم کی تخلیقی اور تکنیکی مہارت کو اجاگر کیا ہے بلکہ پاکستانی فلم انڈسٹری کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں اور بلند عزائم کو بھی نمایاں کیا ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ ’’زومبیڈ‘‘ کا وی ایف ایکس بریک ڈاؤن اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں بھی بڑے پیمانے پر ایسی فلمیں بنائی جا سکتی ہیں جو تکنیکی معیار اور بصری اثرات کے لحاظ سے بین الاقوامی سطح کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوں۔
فلم کے شاندار ویژول ایفیکٹس شائقین کی بھرپور توجہ حاصل کر رہے ہیں، جبکہ کئی حلقے اسے پاکستانی سینما میں بصری اثرات اور جینر فلم سازی کے ایک نئے دور کا آغاز قرار دے رہے ہیں۔