ہالی ووڈ کے نامور اداکار جیانکارلو ایسپوزیٹو کے اسلام قبول کرنے کی اطلاعات سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔ سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی الشیخ نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکار نے حال ہی میں کلمہ شہادت پڑھ کر اسلام قبول کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکی الشیخ کا کہنا ہے کہ جیانکارلو ایسپوزیٹو نے مراکش کی ایک مسجد میں اپنی پروڈکشن ٹیم کے ہمراہ نماز میں بھی شرکت کی۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں بھی انہیں مسجد کے اندر موجود دیکھا جا سکتا ہے۔
جیانکارلو ایسپوزیٹو ہالی ووڈ کے معروف اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں اور انہیں خصوصاً مشہور ٹی وی سیریز ’’بریکنگ بیڈ‘‘ میں گس فرنگ کے کردار سے عالمی شہرت حاصل ہوئی۔ اس کے علاوہ وہ بیٹر کال ساؤل، دی مینڈالورین اور متعدد کامیاب فلموں اور ٹی وی پروجیکٹس کا حصہ رہ چکے ہیں۔
ترکی الشیخ کے مطابق اداکار کا یہ فیصلہ سعودی عرب میں قیام، وہاں کے ماحول اور مسلمانوں کے ساتھ میل جول کے بعد سامنے آیا۔ انہوں نے کہا کہ جیانکارلو ایسپوزیٹو نے دورانِ شوٹنگ ملنے والی مہمان نوازی اور مقامی ثقافت کو بھی سراہا۔
تاہم جیانکارلو ایسپوزیٹو کی جانب سے اسلام قبول کرنے کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، جبکہ سوشل میڈیا پر اس خبر پر مختلف ردِعمل دیکھنے میں آ رہے ہیں۔