کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے شرپسندوں کا سی ایم ایچ راولاکوٹ پر دھاوا، مریضوں اور زخمی اہلکاروں پر بدترین تشدد کی نئی ویڈیو وائرل ہو گئی ہیں جس میں انسانیت سوز سلوک واضع طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔
راولاکوٹ کے کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) میں اس وقت کشیدگی کی صورتحال پیدا ہوگئی جب مبینہ طور پر ایک احتجاجی گروپ کے متعدد کارکن اسپتال کے احاطے میں داخل ہو گئے اور وہاں ہنگامہ آرائی کی۔
ویڈیوز کے مطابق اسپتال میں داخل ہونے والے افراد نے علاج کی غرض سے موجود مریضوں اور زخمی اہلکاروں کے ساتھ بدسلوکی کی جبکہ اسپتال کے بعض حصوں میں توڑ پھوڑ کے واقعات بھی پیش آئے۔ واقعے کے باعث اسپتال کے معمولات متاثر ہوئے اور مریضوں و ان کے اہل خانہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسپتال میں اس وقت مقامی شہریوں کے علاوہ زخمی پولیس اور وفاقی کانسٹیبلری کے اہلکار بھی زیر علاج تھے۔ ہنگامہ آرائی کے دوران طبی عملے کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔
مشتعل افراد کی جانب سے اسپتال کے سامان اور دیگر املاک کو نقصان پہنچایا گیا جس کے بعد سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے۔ذرائع کے مطابق اس افسوس ناک واقعے کے بعد متعلقہ اداروں نے صورتحال کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے اور نقصان کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔
عوامی و سماجی حلقوں نے اسپتال جیسے حساس مقام پر پیش آنے والے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مریضوں، طبی عملے اور صحت کی سہولیات کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسپتالوں کو تنازعات اور سیاسی کشیدگی سے دور رکھا جانا چاہیے تاکہ مریضوں کی جانوں کو کسی قسم کا خطرہ لاحق نہ ہو