محکمہ موسمیات کی جانب سے پنجاب میں موسم کے انداز میں تبدیلی کی نوید سناتے ہوئے کہنا ہے کہ رواں برس سردیوں کے موسم کا دورانیہ مختصر اوردرجہ حرارت توقع سے پہلے بڑھنا شروع ہو جائیگا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے حالیہ جاری رپورٹ میں کہا ہے کہ صوبے بھر میں خشک حالات برقرار ہیں، جس کی وجہ سے ہلکی سردی اور موسم بہار کا ابتدائی آغاز جلد ہو سجتا ہوتا ہے، خاص طور پر لاہور اور پنجاب کے دارلحکومت کے نواحی شہروں میں رواں برس موسمِ سرما مختصر اور درجہ حرارت جلدبڑھنا شروع ہو سکتا ہے۔
گزشتہ روز لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، دن کے وقت زیادہ سے زیادہ 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا اور خشک اسپیل اگلے دو سے تین دن تک جاری رہنے کی پیشنگوئی بھی ظاہر کی گئی ہے، اس دوران بارش کی کوئی پیش گوئی نہیں کی گئی ہے۔
ماہرین کا خیال ہے کہ اس سال کا مختصر موسم سرما موسمی رجحانات میں تبدیلی کا اشارہ دے سکتا ہے۔ دریں اثنا، کراچی میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا سامنا ہے کیونکہ بلوچستان سے ٹھنڈی ہوائیں شہر میں داخل ہو رہی ہیں۔ پاکستان کے محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے پیش گوئی کی ہے کہ آنے والے دنوں میں سردی کی لہر برقرار رہے گی، ممکنہ طور پر درجہ حرارت سنگل ہندسوں میں گر جائے گا۔
جمعرات کی صبح کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 10.9 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جو گزشتہ روز کے مقابلے میں 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ کم ہے۔ یہ شہر مغربی موسمی نظام کے زیر اثر ہے، جس کی وجہ سے ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہو رہی ہے۔