پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما منظور وسان نے عمران خان سے متعلق اہم پیشنگوئی کر دی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ہٹایا گیا تو فریال تالپور وزیراعلیٰ ہوں گی۔
منظور وسان نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سال 2025 بہت اہم ہے، کچھ بھی ہوسکتا ہے۔ رواں سال الیکشن کے نقطہ نظر سے بھی اہم ہے، ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ پاکستان 2025 میں مجھے تبدیل ہوتا ہوا نظر نہیں آرہا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا عروج 2024 کیساتھ ختم ہوگیا ہے۔ 2025 عمران خان کیلئے بھاری سال ثابت ہوگا۔ 31 تک عمران خان مذاکرات بڑھاتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جو کہتے تھے کیا ہم غلام ہیں، وہ اب ظاہر ہوگئے ہیں۔ 2025 میں پی ٹی آئی کے اختلافات مزید بڑھیں گے۔ احتجاج کی جتنی کالز دیدیں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ پی ٹی آئی کا کوئی پتہ نہیں، کبھی علی امین گنڈاپور کی تعریف تو کبھی کسی اور کی۔ اسلام آباد کے موسم کی طرح عمران خان کے فیصلے بھی تبدیل ہوتے رہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سال 2025 سب کیلئے بھاری ہوسکتا ہے، ہمارا وزیراعلیٰ لے لو، اپنا دیدو، یہ بیان آتے رہتے ہیں۔ اگر وزیراعلیٰ سندھ تبدیل ہوئے تو فریال تالپور صاحبہ وزیراعلیٰ ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیکا آرڈیننس عمران خان کے دور میں بنایا گیا، پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ صحافیوں کے حق کیلئے بات کی ہے۔