سندھ کے سرکاری اسکولز میں بچوں کو دوپہر کا مفت کھانا فراہم کرنے کا فیصلہ

سندھ کے سرکاری اسکولز میں بچوں کو دوپہر کا مفت کھانا فراہم کرنے کا فیصلہ

سندھ حکومت نے عالمی ادارے کے اشتراک سے سرکاری اسکولز میں بچوں کو دوپہر کا مفت کھانا فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے ورلڈ فوڈ پروگرام کی کنٹری ڈائریکٹر کوکو اوشی یاما سے ملاقات کی، جس میں اسکولز کے بچوں میں غذائیت کی کمی اور خوراک سے متعلق مختلف چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سید سردار علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ خاندانی وسائل کی کمی اور بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے والدین بچوں کو مناسب غذا فراہم نہیں کر پاتے، جس کے نتیجے میں بچوں میں غذائیت کی کمی جیسے مسائل جنم لیتے ہیں۔ اس کمی کے باعث بچوں کی سیکھنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔

مزید پڑھیں: پنجاب کے طلبا کیلئے لیپ ٹاپ اسکیم سے متعلق اہم خبر آگئی

وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ یہ پروگرام ایسے علاقوں میں شروع کیا جائے گا جہاں غربت اور غذائی قلت زیادہ ہے اور اسکولز میں باقاعدہ کھانے کی فراہمی سے نہ صرف اسکول چھوڑنے کی شرح میں کمی آئے گی بلکہ حاضری میں بھی بہتری آئے گی۔ ورلڈ فوڈ پروگرام کی کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ متوازن خوراک بچوں کی ذہنی نشوونما اور یادداشت کو بہتر بناتی ہے، جس سے ان کی سیکھنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔

اسکول میں متوازن خوراک فراہم کرنے سے بچوں کی قوت مدافعت بھی بڑھے گی، جس سے وہ مختلف بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں گے۔ اس پروگرام کا پہلا مرحلہ کراچی کے ضلع ملیر سے شروع ہوگا اور اس سلسلے میں بیس لائن سروے بھی کیا جائے گا۔ اس پروگرام کے تحت 11 ہزار بچوں اور بچیوں کو دو سال تک اسکول میں’ہاٹ میل لنچ بکس‘فراہم کیے جائیں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *