افریقی ملک جنوبی سوڈان کے شمالی علاقے میں طیارہ حادثے میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہوگئے۔
حادثہ بدھ کے روز صبح ساڑھے 10 بجے کے قریب ریاست یونٹی کے علاقے میں پیش آیا، جب ایک طیارہ آئل فیلڈ کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارہ دارالحکومت جوبا کے لیے روانہ ہوا تھا اور حادثہ ہوائی اڈے سے صرف 500 میٹر کے فاصلے پر پیش آیا۔
جنوبی سوڈان کے وزیر اطلاعات گتوچ بیپال بوٹ نے اے ایف پی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ طیارے میں 21 افراد سوار تھے، جن میں سے فی الحال صرف ایک زندہ بچا ہے۔ زندہ بچ جانے والا شخص جنوبی سوڈان کا انجینیئر ہے، جو آئل فیلڈ میں کام کر رہا تھا۔ اس شخص کو فوری طور پر بینتیو ریاست کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
طیارہ حادثہ جنوبی سوڈان کے لیے ایک افسوسناک واقعہ ہے اور حکام تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ اس حادثے کی وجوہات کا پتہ چل سکے۔ جنوبی سوڈان اور سوڈان کے درمیان تاریخی تعلقات ہیںلیکن یہ دونوں ممالک 2011 میں الگ ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ سوڈان ایک مسلم اکثریتی ملک ہے جس کا دارالحکومت خرطوم ہےجبکہ جنوبی سوڈان ایک عیسائی اکثریتی ملک ہے اور اس کا دارالحکومت جوبا ہے۔