عمران خان سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ سے بڑی خبر آ گئی

عمران خان سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ سے بڑی خبر آ گئی

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بہن علیمہ خان نے بانی پی ٹی آئی کی مبینہ قیدِ تنہائی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے اسے غیر قانونی قرار دینے کی درخواست دائر کر دی۔

بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے دائر درخواست میں سپرنٹنڈنٹ جیل آئی جی جیل خانہ جات چیئرمین نیب، ڈی جی ایف آئی اے اور پمز اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 8 اپریل کو وکیل کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے دوران معلوم ہوا کہ بانی پی ٹی آئی کو روزانہ 22 گھنٹے جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 24 گھنٹے قیدِ تنہائی میں رکھا جا رہا ہے۔ درخواست کے مطابق گزشتہ چھ ماہ سے بانی پی ٹی آئی کی اپنے اہل خانہ یا پارٹی رہنماؤں سے کوئی ملاقات نہیں کرائی گئی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی عدالتی فیصلے میں بانی پی ٹی آئی کو قیدِ تنہائی میں رکھنے کا حکم موجود نہیں اس کے باوجود انہیں مسلسل تنہائی میں رکھنا غیر قانونی اور غیر انسانی سلوک کے مترادف ہے۔

یہ بھی پڑھیں:یپیٹرول، ڈیزل سستا کیوں نہیں ہوا؟ وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے وجہ بتا دی

علیمہ خان نے درخواست میں مزید مؤقف اپنایا کہ بانی پی ٹی آئی نے وکیل سے ملاقات کے دوران بتایا کہ ان کی ایک آنکھ 85 فیصد متاثر ہو چکی ہے۔ درخواست کے مطابق قیدِ تنہائی ایک سخت ترین سزا ہے جبکہ بانی پی ٹی آئی کو سنائی گئی سزا میں قیدِ تنہائی شامل نہیں اس لیے انہیں اس انداز میں رکھنا قانون اور بنیادی انسانی حقوق کے منافی ہے۔

درخواست میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو قیدِ تنہائی میں رکھنے کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیا جائے اور متعلقہ حکام کو قانون کے مطابق ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی جائے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بشریٰ بی بی کی صاحبزادی کی جانب سے بھی بشریٰ بی بی کی مبینہ قیدِ تنہائی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جا چکی ہے جبکہ علیمہ خان کی تازہ درخواست کے بعد یہ معاملہ ایک بار پھر عدالتی فورم پر پہنچ گیا ہے۔

editor

Related Articles