پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور ترجمان سندھ حکومت نادر گبول نے وزیراعظم شہباز شریف کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی دھمکی دیدی۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت نادر گبول نے کہا کہ چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کو واضح کیا ہے کہ اگر دریائے سندھ سے کینال نکالے گئے تو وفاقی حکومت سے الگ ہوجائیں گے۔
نادر گبول نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی جائیگی اور پھر یہ حکومت نہیں رہے گی۔ پی ٹی آئی حکومت کو بھی ہم نے گرایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کا کوئی شخص دریائے سندھ سے کینال نکالنے کو قبول نہیں کرے گا۔ سندھ کے پانی پر کسی کو بھی ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلزبس سروس کے کرایوں میں اضافہ ناگزیر تھا تاہم اس میں صحافیوں اور طلبہ کیلئے مفت سفر کا فیصلہ کیا جائیگا۔ انہوں نے ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کی سیاست ختم ہوگئی ہے، بوری بند لاشیں اور قتل و غارت ایم کیو ایم کا پیشہ رہا ہے۔ ایم کیو ایم والےمیڈیا میں خود کو زندہ رکھنے کیلئے ہم پر تنقید کر رہے ہیں۔