وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے لیپ ٹاپ اسکیم میں رجسٹریشن کرانے والے طلبا کو خبر دار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے لیپ ٹاپ اسکیم کے حوالے سے بیان میں کہا کہ اسکیم کے حوالے سے گردش کرنیوالے تمام لنکس جعلی ہیں، نوجوان محتاط رہیں، غیر مستند لنکس مت کھولیں ، یہ لنک صارفین کو ایک ویب سائٹ پر لے جاتا ہے جہاں ان سے ذاتی تفصیلات فراہم کرنے کو کہا جاتا ہے، بشمول ان کا نام، تعلیمی پس منظر وغیرہ۔
ان کا کہنا تھا کہ مستند لنکس و معلومات کیلئے صرف ایچ ای ڈی کی ویب سائٹ یا پیج کو وزٹ کریں۔
واضح رہے کہ پنجاب سی ایم لیپ ٹاپ سکیم 2025 کیلئے اہلیت کا معیار اور پالیسی طے کر لی گی ہے ، یونیورسٹی طلبہ کیلئے 20 ہزار، کالج کیلئے 14 ہزار لیپ ٹاپس مختص کر دیئے گئے،ٹیکنیکل،ایگریکلچر طلبہ کیلئے 4 ہزار، میڈیکل، ڈینٹل کالج کے طلبہ کیلئے 2 ہزار لیپ ٹاپس مختص کئے گئے، کمپیوٹر سائنس، طب، انجینئرنگ اور سماجی علوم کے طلبہ کو لیپ ٹاپس دیئے جائیں گے۔
لیپ ٹاپس سکیم 2025 کیلئے اہل طلبہ کا ڈیٹا تعلیمی اداروں کے ذریعے اکٹھا کیا جائیگا، تعلیمی ادارے تعلیمی کارکردگی کی بنیاد پر اہل طلبہ کا ڈیٹا اکٹھا کریں گے۔ایچ ای سی پنجاب منتخب طلبہ کی حتمی فہرست جاری کرے گا، لیپ ٹاپس کی تقسیم رمضان المبارک کے بعد شروع کی جائے گی۔