یورپی ممالک بھجوانے کے نام پر ویزا فراڈ میں ملوث اشتہاری ملزم گرفتار

یورپی ممالک بھجوانے کے نام پر ویزا فراڈ میں ملوث اشتہاری ملزم گرفتار

وفاقی تحقیقاتی ادارہ کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں مطلوب ایک اشتہاری ملزم کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے بتایا کہ گرفتار ملزم عبدالرشید کو سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے حراست میں لیا گیا، جسے بعد ازاں کراچی منتقل کردیا گیا۔

حکام کے مطابق ملزم طویل عرصے سے مفرور تھا اور اس پر الزام ہے کہ وہ شہریوں کو اسپین اور دیگر یورپی ممالک بھجوانے کے نام پر جعلی شینگن ویزے اور غیر قانونی امیگریشن نیٹ ورک کے ذریعے لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث رہا ہے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم مبینہ طور پر انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ کے ایک منظم نیٹ ورک کا اہم کردار ہے، جبکہ اس نیٹ ورک سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئی جی پنجاب اور ڈی جی ایف آئی اے کے اہم عہدوں پر نئی تقرریاں،نوٹفکیشن جاری

دوسری جانب ایف آئی اے کے سربراہ کی تبدیلی کے ساتھ ہی ادارے میں خود احتسابی کا عمل غیر معمولی طور پر تیز کر دیا گیا ہے۔ نئے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور نے چارج سنبھالتے ہی دور رس فیصلہ کیا ہے جسے ادارے کی تاریخ میں ایک بڑی اصلاح قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے میں اہلکاروں کی معطلی کا اختیار اب نچلی سطح پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت وہ اتھارٹی جو کسی اہلکار کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کرنے کی مجاز ہوگی، اب وہی اتھارٹی ابتدائی طور پر اس اہلکار کو معطل بھی کر سکے گی۔ اس اقدام کا مقصد تاخیری حربوں کا خاتمہ اور فوری احتساب کو یقینی بنانا ہے۔

نئے قواعد کے مطابق کسی بھی اہلکار کی ابتدائی معطلی کی مدت 120 دن مقرر کر دی گئی ہے، جس دوران تحقیقات مکمل کی جائیں گی۔ اس سے قبل معطلی کے معاملات اعلیٰ سطح پر الجھ کر طویل عرصے تک لٹکے رہتے تھے، جس سے نہ صرف ادارے کی ساکھ متاثر ہوتی تھی بلکہ احتسابی عمل بھی کمزور پڑ جاتا تھا۔

مزید برآں، فوجداری مقدمات میں ایک انتہائی اہم شق شامل کی گئی ہے، جس کے تحت کسی بھی ایف آئی اے اہلکار کے جیل جانے یا گرفتار ہونے کی صورت میں وہ اہلکار گرفتاری کے دن سے خود بخود معطل تصور ہوگا۔ اس فیصلے کو زیرو ٹالرنس پالیسی کا واضح اظہار قرار دیا جا رہا ہے۔

Related Articles