سانحہ کاہنہ کے بعد مریم نواز کا بڑا اقدام ، اپنا گھر، محفوظ گھر پروگرام شروع کرنیکا فیصلہ

سانحہ کاہنہ کے بعد مریم نواز کا بڑا اقدام ، اپنا گھر، محفوظ گھر پروگرام شروع کرنیکا فیصلہ

سانحہ کاہنہ کے متاثرین کے غم کو عملی اقدامات میں تبدیل کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے گھروں کو محفوظ بنانے کے لیے “اپنا گھر، محفوظ گھر” پروگرام شروع کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت “اپنی چھت، اپنا گھر” اور “اپنی زمین، اپنا گھر” پروگرامز کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں پنجاب حکومت کے فلیگ شپ ہاؤسنگ منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کا دائرہ کار بڑھا کر موجودہ گھروں کو محفوظ بنانے کے لیے نئی سہولت متعارف کرائی جائے گی۔

نئے پروگرام کے تحت خستہ حال، بوسیدہ اور کمزور چھتوں والے گھروں کی مرمت اور بحالی کے لیے 5 لاکھ روپے تک معاونت فراہم کی جائے گی، جبکہ گھروں پر نئی منزل یا اضافی فلور بنانے کے لیے 10 لاکھ روپے تک سود فری آسان اقساط پر قرض دینے کی تجویز منظور کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بحران کے وقت صرف بیانات نہیں بلکہ عملی اقدامات ہی اچھی گورننس کی پہچان ہوتے ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ گھروں کی تعمیر اور بہتری کے لیے آسان قرض کا حصول مزید سہل بنایا جائے اور غریب شہریوں پر کسی قسم کا اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے۔

اپنی چھت اپنا گھر پروگرام  

اجلاس میں “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کی کامیابیوں سے بھی آگاہ کیا گیا، بریفنگ کے مطابق پروگرام کے تحت ایک لاکھ سے زائد گھر مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد بے گھر خاندانوں کے لیے سود فری آسان اقساط پر قرض منظور کیے گئے، اب تک ایک لاکھ 70 ہزار خاندانوں کو قرض فراہم کیا جا چکا ہے، جبکہ منصوبے کے لیے 217.8 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں 1 لاکھ 34 ہزار 343 گھر مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ ساڑھے 27 ہزار سے زائد گھر تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ پروگرام کے لیے 12 لاکھ 78 ہزار سے زائد بے گھر خاندانوں نے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔

اجلاس میں “اپنی زمین، اپنا گھر” پروگرام کی پیش رفت بھی پیش کی گئی، جس کے تحت 23 اضلاع میں 2 ہزار پلاٹ فراہم کیے گئے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ جن بے گھر خاندانوں کو مفت پلاٹ دیے گئے ہیں، انہیں گھر بنانے کے لیے قرض کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ “اپنی چھت، اپنا گھر” اور اس سے منسلک تمام پروگرامز میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔

editor

Related Articles