امریکی ریاست مونٹانا میں پولیس کو ایک ایسی گاڑی روکنا پڑ گئی جسے دیکھ کر اہلکار بھی حیران رہ گئے۔ یہ منفرد گاڑی مکمل طور پر کیلے کی شکل میں تیار کی گئی تھی اور سڑک پر چلتے ہوئے ہر کسی کی توجہ اپنی جانب کھینچ رہی تھی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ مونٹانا کے شہر بلنگز کے قریب انٹر اسٹیٹ 90 پر پیش آیا، جہاں ہائی وے پٹرول نے ’’بگ بنانا کار‘‘ نامی مشہور گاڑی کو ٹریفک چیکنگ کے دوران روکا۔
مونٹانا ہائی وے پٹرول نے اس منفرد گاڑی کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے دلچسپ انداز میں لکھا کہ انہوں نے ماضی میں تیز رفتار گاڑیوں، غیر محتاط ڈرائیوروں اور کئی غیر معمولی گاڑیوں کو روکا ہے، لیکن یہ گاڑی واقعی سب سے مختلف ثابت ہوئی۔
پولیس حکام نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اگرچہ یہ گاڑی دیکھنے میں بہت دلکش ہے، لیکن ٹریفک قوانین ہر کسی پر لاگو ہوتے ہیں، چاہے گاڑی کسی پھل کی شکل میں ہی کیوں نہ ہو۔
دوسری جانب گاڑی کے مالک اور ڈرائیور اسٹیو بریتھ ویٹ کا کہنا ہے کہ وہ پولیس کی جانب سے روکے جانے کے عادی ہو چکے ہیں۔ ان کے مطابق جب سے انہوں نے یہ منفرد گاڑی تیار کی ہے، لوگ جہاں بھی اسے دیکھتے ہیں رک کر تصاویر بناتے ہیں اور اکثر پولیس بھی دلچسپی کے باعث انہیں روک لیتی ہے۔
انہوں نے ایک مقامی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی آٹھ سے نو برسوں کے دوران شاید وہ امریکا کے سب سے زیادہ روکے جانے والے ڈرائیوروں میں شامل تھے۔
اسٹیو بریتھ ویٹ کے مطابق ان کی ’’بگ بنانا کار‘‘ محض ایک گاڑی نہیں بلکہ ایک تخلیقی منصوبہ ہے جو جہاں بھی جاتی ہے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ لے آتی ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی اس منفرد گاڑی کی تصاویر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں اور صارفین اسے دنیا کی دلچسپ ترین گاڑیوں میں سے ایک قرار دے رہے ہیں۔