آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے میچ میں بھارت نے بنگلادیش کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن وہ بھارت کے مضبوط بولنگ اٹیک کے سامنے زیادہ دیر تک ٹک نہ سکے۔بنگلادیش کی ٹیم نے 50 اوورز میں 228 رنز بنائے، جس کا جواب بھارت نے 47 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنا کر دیا۔
بنگلادیش کی اننگز کا آغاز انتہائی خراب رہا، جہاں ان کی آدھی ٹیم صرف 35 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ اوپنر سومیا سرکار اور مہدی حسن کو محمد شامی نے جبکہ کپتان نجم الحسن شنتو کو ہرشل رانا نے آؤٹ کیا۔ تنزید حسن اور مشفق الرحیم کو اکشر پٹیل نے پویلین بھیجا۔5 وکٹوں کے نقصان کے بعد ذاکر علی اور توحید ہردوئے نے 154 رنز کی شاندار شراکت داری کی، جس نے بنگلادیش کو کسی حد تک قابلِ احترام اسکور تک پہنچایا۔ ذاکر علی 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ توحید ہردوئے نے شاندار سنچری (100 رنز) مکمل کی۔ تنزید حسن نے 25 اور رشاد حسین نے 18 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ہرشل رانا نے 3 اور اکشر پٹیل نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔
بھارت کی جانب سے کپتان روہت شرما نے شبمن گل کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔ روہت شرما نے 41 رنز بنائےجبکہ ویرات کوہلی نے 22 رنز کا تعاون کیا۔ شریاس ایئر 15 اور اکشر پٹیل 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شبمن گل نے ناقابلِ شکست 101 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں انہوں نے 2 چھکے اور 9 چوکے لگائے۔ کے ایل راہول نے 41 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہ کر ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
بنگلادیش کی جانب سے رشاد حسین نے 2 وکٹیں حاصل کیںجبکہ تسکین احمد اور مستفیض الرحمان نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔