پاکستان کے سینئر اداکار وسیم عباسنے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی فنکار برادری کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں کسی اور سیاسی رہنما نے آرٹسٹ کمیونٹی کے لیے اتنی سپورٹ نہیں دی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں اداکار احمد علی بٹ سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم عباس نے مختلف موضوعات پر بات کی اور خاص طور پر نواز شریف کے کردار کی تعریف کی۔
ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف ہمیشہ فنکاروں کے لیے مددگار رہے ہیں۔ ان کے مطابق جب وہ ملک سے باہر تھے تب بھی وہ پاکستانی فنکاروں کی خیریت دریافت کرتے رہتے تھے۔
وسیم عباس نے مزید انکشاف کیا کہ نواز شریف بغیر کسی تشہیر کے بیمار فنکاروں کی مالی مدد بھی کرتے رہے اور ضرورت پڑنے پر علاج کے لیے اپنے اسپتال تک پیش کرتے تھے۔
گفتگو کے دوران انہوں نے ناقدین کو بھی پیغام دیا کہ اگر کوئی شخص نیکی یا مدد کے کام کر رہا ہے تو اس پر منفی ردعمل دینے کے بجائے اس کے اچھے عمل کو تسلیم کرنا چاہیے۔