دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں چیمپیئنز ٹرافی 2025 کا ہائی وولٹیج ٹاکرا بھارت اور پاکستان کے درمیان دن 2 بجے ہونے جا رہا ہے جس میں موسم کی صورت حال اور پچ کی کنڈیشن سب سے اہم ہو گی، شائقین کرکٹ کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ میچ میں بارش کا امکان صرف ایک فیصد ہے۔
اتوار کو دبئی محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق پورا دن موسم زیادہ تر خوشگوار رہے گا، درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، 15 کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ بارش کا ایک فیصد امکان ہے۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم پر14 فیصد بادل چھائے رہنے کا امکان ہے اس لیے شائقین کرکٹ راحت کی سانس لے سکتے ہیں کیونکہ دن بھر میں بارش کا صرف ایک فیصد امکان ہے جو کہ نہ ہونے کے برابر ہے، شائقین پورا دن کھیل دیکھ سکیں گے۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کی پچ بیٹنگ یا بولنگ کس کے لیے سازگارہے؟
عام طور پر دبئی کرکٹ اسٹیڈیم کی پچ دن کی روشنی میں بیٹنگ کے لیے سازگار ہوتی ہے، تاہم بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ میں دیکھا گیا ہے کہ ہدف کا تعاقب کرنا بھارتی ٹیم کے لیے قدرے مشکل بن گیا تھا۔ بھارت کو جیت کے لیے 229 رنز کی ضرورت تھی، جو ایک آسان ہدف لگ رہا تھا، لیکن پچ کافی سلو ہوگئی اور بھارتی ٹیم کے لیے کھیلنا مشکل ہوگیا تھا۔
توقع ہے کہ اسی طرح کا کھیل آج بھی دیکھنے کو ملے گا کیونکہ دوسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے والی ٹیم کے لیے آزادانہ طور پر رنز بنانا مشکل ہوگا۔ بیٹنگ کا بہترین وقت پہلی اننگز ہے، جب پچ قدرے سازگار رہے گی، تاہم دوسری اننگز میں پچ سلو ہوتے ہی اسپنرز کے لیے بہترین کنڈیشنز ثابت ہو گی ۔ اس کے علاوہ میدان بہت بڑا ہے اور بلے بازوں کو پاور ہٹنگ کے بجائے اسٹرائیک روٹیشن پر زیادہ انحصار کرنا پڑے گا۔
توقع یہی کی جا رہی ہے کہ ٹاس جیتنے والے کپتان پہلے بیٹنگ کریں گے اور مخالف ٹیم کو اپنے اسپنرز کے ساتھ دباؤ میں ڈالیں گے۔
واضح رہے کہ بھارت نے چیمپیئنز ٹرافی میں اپنا آغاز بنگلہ دیش کے خلاف سخت مقابلے میں جیت کے ساتھ کیا اور اس کے بیٹرز نے آخر میں انتہائی آسانی کے ساتھ مشکل ہدف مکمل کیا۔ بھارتی ٹیم کے پاس شبھمن گل کی مضبوط بیٹنگ موجود ہے، تاہم بولرز کے ساتھ مخالف ٹیم پر غلبہ حاصل کرنے میں مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔
دوسری جانب پاکستان ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کھا چکا ہے۔ چیمپیئنز ٹرافی میں اپنا وجود برقرار رکھنے کے لیے بھارت سے یہ میچ جیتنا نہایت ضروری ہے۔ سابقہ ریکارڈ دیکھا جائے تو چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کا پلڑا بھاری ہے۔