محکمہ موسمیات کی بارشوں کے حوالے سے اہم پیشنگوئی

محکمہ موسمیات کی بارشوں کے حوالے سے اہم پیشنگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے کئی شہروں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشنگوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، پوٹھوہار خطہ، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔

بعض مقامات پر موسلا دھار بارش اور پہاڑوں پر شدید برفباری کی توقع ہے جبکہ شمال مشرقی پنجاب کے چند علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ شمال مشرقی بلوچستان، جنوبی خیبرپختونخوا اور جنوبی/وسطی پنجاب میں جزوی ابر آلود مطلع کے ساتھ کچھ مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: 28 فروری کو رمضان کا چاند دکھائی دینے کے کتنے امکانات ہیں؟

جمعہ کے روز اسلام آباد اور گردونواح میں بھی جزوی ابر آلود مطلع اور دن کے اوقات میں تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور جزوی ابر آلود رہے گا، جبکہ دیر، چترال، کوہستان، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، بٹگرام، بونیر، ایبٹ آباد، صوابی، مردان، مالاکنڈ، باجوڑ، نوشہرہ، پشاور اور چارسدہ میں دن کے وقت تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ صبح کے اوقات میں کچھ میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی دھند بھی چھا سکتی ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور جزوی ابر آلود رہے گا، تاہم راولپنڈی، اٹک، جہلم، گجرات، چکوال، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، اوکاڑہ، قصور، بہاولنگر، بہاولپور، شیخوپورہ اور گردونواح میں دن کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور کچھ مقامات پر ژالہ باری کی توقع ہے۔ مری، گلیات اور گردونواح میں دن کے وقت تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ صبح کے اوقات میں وسطی اور جنوبی اضلاع میں ہلکی سے درمیانی دھند بھی ہو سکتی ہے۔

بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور جزوی ابر آلود رہے گا، تاہم کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، قلات، ژوب، موسیٰ خیل، لورالائی، بارکھان، سبی، خضدار اور گردونواح میں دن کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *