جیب میں ڈرائیونگ لائسنس رکھنے کی جھنجھٹ ختم، ڈیجیٹل لائسنس متعارف

جیب میں ڈرائیونگ  لائسنس رکھنے کی جھنجھٹ ختم، ڈیجیٹل لائسنس متعارف

خیبرپختونخوا میں پہلی بار ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت متعارف کرا دی گئی ہے، جس کے تحت شہری اب اپنا ڈرائیونگ لائسنس موبائل فون میں محفوظ رکھ سکیں گے۔

چیف ٹریفک آفیسر پشاور ڈاکٹر زاہد اللہ کے مطابق یہ سہولت “رابطہ” ایپ کے ذریعے فراہم کی گئی ہے۔ شہری اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر اور ڈرائیونگ لائسنس نمبر درج کر کے چند سیکنڈز میں قانونی طور پر قابل قبول ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس اقدام کے بعد شہریوں کو ہر وقت کاغذی ڈرائیونگ لائسنس ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں رہے گی، کیونکہ ٹریفک چیکنگ کے دوران موبائل فون میں موجود ای لائسنس بھی قانونی طور پر قابل قبول ہوگا۔

حکام کے مطابق یہ اقدام خیبرپختونخوا ٹریفک پولیس کی ڈیجیٹل گورننس پالیسی کا حصہ ہے، جس کا مقصد شہریوں کو جدید، تیز رفتار اور آسان سہولیات فراہم کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں 4 ارب 90 کروڑ روپے سے زائد کے سونے کے لیز معاہدوں میں سنگین بے ضابطگیاں

اس سے قبل پشاور ٹریفک پولیس بیرون ملک سفر کرنے والے شہریوں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن ویزا تصدیق کی سہولت بھی متعارف کرا چکی ہے، جس سے ہزاروں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔

ڈاکٹر زاہد اللہ کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کو غیر ضروری دفتری چکروں، وقت کے ضیاع اور کاغذی کارروائی سے نجات ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں مزید خدمات کو بھی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر منتقل کیا جائے گا تاکہ عوام کو گھر بیٹھے شفاف اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

Related Articles