پاکستان نے تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 45 ویں اوور میں تمام کھلاڑیوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے۔ پاکستان نے 43 ویں اوور میں 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر ہدف پورا کر لیا۔
پاکستان نے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ 25 کے مجموعی اسکور پر گری، جب معاذ صداقت 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کا دوسرا کھلاڑی 49 رنز پر پویلین لوٹ گیا، صاحبزادہ فرحان 28 رنز بنا سکے۔
بابر اعظم اور غازی غوری نے اچھی شراکت داری قائم کی۔ بابر اعظم ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 69 رنز بنا کر پویلین لوٹے، جبکہ غازی غوری 8 چوکوں کی مدد سے 65 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی تیسری وکٹ 176 اور چوتھی وکٹ 185 رنز پر گری۔
سلمان آغا زیادہ دیر پچ پر نہ ٹھہر سکے اور 4 گیندوں پر 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، یوں 195 رنز پر پاکستان کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔
اس سے قبل آسٹریلین ٹیم کے اوپنرز الیکس کیری اور میتھیو شارٹ میدان میں اترے۔ الیکس کیری 19 رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے اور آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 32 کے مجموعی اسکور پر گر گئی۔
جوش انگلس بھی زیادہ دیر پاکستانی بولرز کے سامنے نہ ٹھہر سکے اور 13 رنز بنا کر ڈیبیو کرنے والے عرفات منہاس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ مارنس لیبوشین بغیر کوئی رن بنائے عرفات منہاس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ 62 کے مجموعی اسکور پر مہمان ٹیم کے دو کھلاڑی یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد کیمرون گرین بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، وہ عرفات منہاس کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ 68 کے مجموعی اسکور پر آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ بھی گر گئی۔
آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ 123 کے مجموعی اسکور پر گری، جب میتھیو شارٹ 55 رنز کی نمایاں اننگز کھیل کر عرفات منہاس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ اولیور پیک مجموعی اسکور میں صرف 7 رنز کا اضافہ کر سکے اور 145 کے مجموعی اسکور پر سلمان آغا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی پاکستان کے خلاف ساتویں وکٹ 179 رنز پر گری۔ میٹ رینشا 61 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ نیتھن ایلس زیادہ دیر پچ پر کھڑے نہ رہ سکے اور صرف 8 رنز بنا کر عرفات منہاس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی نویں وکٹ بھی فوراً گر گئی، تنویر سنگھا بغیر کوئی رن بنائے 200 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ میتھیو کوہنیمین بھی اگلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 24 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس نے سب سے زیادہ 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابرار احمد نے 2، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور سلمان آغا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
عرفات منہاس ون ڈے ڈیبیو میں 5 وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی بالر بن گئے۔ اس سے قبل پاکستان کے ذاکر خان نے 1984 میں ڈیبیو پر 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
قومی ٹیم کی قیادت شاہین آفریدی کر رہے ہیں۔ 11 رکنی اسکواڈ میں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، بابر اعظم، غازی غوری، سلمان علی آغا، عبدالصمد، شاداب خان، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہیں، جبکہ نوجوان کھلاڑی عرفات منہاس نے ڈیبیو کیا۔