چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر نے کہا ہے کہ ابھی تک کہیں سے چاند کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی،لاہور ، کوئٹہ ،اسلام آباد ، پشاور میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس جاری ہیں ۔
تاہم کہیں سے بھی چاند کی کوئی شہادت ابھی تک موصول نہیں ہوئی، ملک کا بیشتر حصہ بادلوں کی لپیٹ میں ہے ،لاہور اور اسلام آباد میں تاحال چاند کی کوئی شہادت نہیں ملی ،انہوں نے مزید کہا کہ پورے ملک کی زونل کمیٹیوں سے رابطے میں ہیں جلد حتمی اعلان کردیا جائے گا
قبل ازیں بنگلہ دیش اور ملائیشیا میں شوال کے چاند کے حوالے سے اہم اعلان سامنے آ گیا ہے، جہاں اعلان کیا گیا ہے کہ چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد دونوں ممالک میں عیدالفطر ہفتہ 21مارچ کو منانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ملائیشین میڈیا کے مطابق ملک بھر میں چاند دیکھنے کے لیے کیے گئے مشاہدات کے دوران کہیں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا حکام نے مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی اطلاعات کا جائزہ لینے کے بعد باضابطہ اعلان کیا کہ رمضان المبارک کے تیس روز مکمل کیے جائیں گے اور عیدالفطر ہفتہ کو منائی جائے گی۔
اسی طرح بنگلہ دیش میں بھی رویت ہلال کے لیے کیے گئے اقدامات کے بعد چاند نظر آنے کی کوئی مستند شہادت موصول نہیں ہوئیمتعلقہ حکام نے ملک کے مختلف حصوں سے آنے والی اطلاعات کا بغور جائزہ لینے کے بعد اس بات کی تصدیق کی کہ شوال کا چاند دکھائی نہیں دیا، جس کے نتیجے میں عیدالفطر 21مارچ کو ہوگی۔