پنجاب سول ڈیفنس جدید ٹیکنالوجی سے لیس: حساس تنصیبات کے تحفظ کے لیے ‘اینٹی ڈرون گنز’ فراہم

پنجاب سول ڈیفنس جدید ٹیکنالوجی سے لیس: حساس تنصیبات کے تحفظ کے لیے ‘اینٹی ڈرون گنز’ فراہم

پنجاب میں سکیورٹی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے سول ڈیفنس کو جدید اینٹی ڈرون گنز فراہم کر دی گئی ہیں، جس کے تحت حساس تنصیبات اور عوامی مقامات کے تحفظ کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق سول ڈیفنس کو فراہم کی گئی اینٹی ڈرون گن ای ایم جی ایک سو پچاس جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے، جو دشمن کے کسی بھی ڈرون کو فضا میں ہی ناکارہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یہ گن دو سے تین کلومیٹر کی حدود میں ڈرون کے سگنلز کو جام کر کے اسے زمین پر اتارنے یا گرانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

حکام کے مطابق اس جدید سسٹم کے ذریعے ڈرون کے کنٹرول سگنلز میں مداخلت کر کے اسے فوری طور پر بے اثر کیا جا سکتا ہے جبکہ ضرورت پڑنے پر اس کا رخ بھی تبدیل کروایا جا سکتا ہے۔ گن میں ہائی گین ڈائریکشنل اینٹینا نصب ہے جو دور فاصلے تک درست نشانہ بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

محکمہ داخلہ نے بتایا کہ یہ اینٹی ڈرون گن تقریباً چھ کلوگرام وزن کی حامل ہے، جسے باآسانی ایک فرد استعمال کر سکتا ہے۔ اس میں آٹھ مختلف فریکوئنسیز شامل کی گئی ہیں، جو دنیا کے مختلف ڈرون سسٹمز کے خلاف مؤثر ثابت ہوتی ہیں۔

ٹیکنیکل تفصیلات کے مطابق یہ گن جی پی ایس، گلیلیو، گلوناس اور بیئی ڈو جیسے سیٹلائٹ نیویگیشن سسٹمز کے سگنلز کو بھی جام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس میں نصب طاقتور جیمنگ سسٹم دو سو واٹ تک آؤٹ پٹ پاور فراہم کرتا ہے، جس سے اس کی کارکردگی مزید بہتر ہو جاتی ہے۔

حکام نے مزید بتایا کہ اینٹی ڈرون گن منفی بائیس سے پینسٹھ ڈگری سینٹی گریڈ تک کے درجہ حرارت میں مؤثر طریقے سے کام کر سکتی ہے، جو اسے مختلف موسمی حالات میں قابلِ استعمال بناتی ہے۔

ابتدائی مرحلے میں اس گن کو پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر راولپنڈی ڈویژن کے حوالے کیا گیا ہے جبکہ مستقبل میں پنجاب بھر میں سول ڈیفنس کو مزید اینٹی ڈرون گنز فراہم کی جائیں گی۔ اس سلسلے میں بم ڈسپوزل اور اینٹی ڈرون اسکواڈ کی تربیت نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کے تعاون سے جاری ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب آسان کاروبار کارڈ کیلئے درخواست کیسے دیں ؟طریقہ جانیے

سیکرٹری داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق سول ڈیفنس کی استعداد کار میں اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ جدید اینٹی ڈرون سسٹمز کی فراہمی سے صوبے میں سکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، یہ جدید آلات حساس تنصیبات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کریں گے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت میں نمایاں بہتری لائیں گے۔

editor

Related Articles