فیس بُک پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کیخلاف تنقیدی پوسٹس کرنے پر ضلع بھکر کے ایک ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ۔
ڈاکٹر شہریار نیازی کیخلاف پولیس اہلکار کی مدعیت میں الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA) 2016 کے تحت مقد مہ درجکیا گیا ہے۔ ڈاکٹر شہریار پر الزام عائد ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پرسی ایم پنجاب مریم نواز کیخلاف نامناسب الفاظ استعمال کئے، جس پر کارروائی کی گئی۔
پنجاب پولیس کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ اس کیس کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں اور اگر ڈاکٹر شہریار پر الزامات ثابت نہ ہو سکے تو مقدمہ خارج بھی کیا جا سکتا ہے۔واضح رہے کہ ڈاکٹر شہریار ماضی میں میو ہسپتال لاہور میں بھی اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
ان کی آخری سوشل میڈیا پوسٹ ان کے مریضوں کیلئے ایک پیغام تھی، جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ وہ ہر حال میں اپنے فرائض منصبی انجام دیتے رہیں گے۔ اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔
کچھ افراد نے اسے آزادی اظہارِ رائے پر قدغن قرار دیا جبکہ دیگر افراد نے اسے قانون کے مطابق درست کارروائی قرار دیا۔ ماہرین قانون کے مطابق پیکا ایکٹ 2016 کا اطلاق ایسے سوشل میڈیا صارفین پر ہوتا ہے جو کسی فرد، ادارے یا حکومت کے خلاف غلط معلومات پھیلائیں یا نفرت انگیز مہم چلائیں۔