محکمہ موسمیات کی مزید بارشوں کی پیشنگوئی

محکمہ موسمیات کی مزید بارشوں کی پیشنگوئی

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا جبکہ بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ تاہم خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ سوموار کے روز اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع ابر آلود رہے گا جبکہ شام یا رات کے وقت تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، باجوڑ، مہمند، کرم، خیبر اور وزیرستان میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی توقع ہے۔ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔اس دوران، پشاور، کوہاٹ، نوشہرہ، صوابی، مردان، ہنگو اور بنوں میں بھی بارش کے امکانات موجود ہیں۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ تاہم راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، گجرات، سیالکوٹ، شیخوپورہ، لاہور اور گردونواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اس کے علاوہ مری، گلیات اور گردونواح میں مطلع ابر آلود رہے گا جبکہ بارش اور ہلکی برفباری بھی ہو سکتی ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا جبکہ شمالی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ چاغی، کوئٹہ، ژوب، موسیٰ خیل اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا تاہم بالائی سندھ کے کچھ علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہے گا، جبکہ مختلف مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *