قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی صدارت میں اب سے کچھ دیر بعد شروع ہوگا تاہم تحریک انصاف نے اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا۔
اسلام آباد میں تحریک تحفظ آئین کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ ہم نے اس اجلاس میں شریک ہونے سے انکار کر دیا ہے ، یہ فیصلہ ہم نے گزشتہ روز سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں کیا، تحریک انصاف کا کوئی نمائندہ اجلاس میں نہیں جائے گا تاہم علی امین گنڈا پور بطور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اس اجلاس میں شریک ہوں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہم اس وقت کسی بھی آپریشن کے حق میں نہیں ہیں، 77 سالوں سے ان حالات کا شکار ہیں اور ان حالات کے حق میں نہیں ہیں۔
سلمان اکرم راجہ کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو پے رول پر رہا کیا جائے، ہم نے اس ملک کو ٹھیک کرنا ہے اور فسطائیت کا خاتمہ کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا سلسلہ برقرار،ڈالر معمولی سستا