وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ معرکۂ حق میں پاکستان کی کامیابی ایک تاریخی حقیقت بن چکی ہے اور بھارت اس شکست کو کبھی فراموش نہیں کر سکے گا، انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج نے جرات، مہارت اور جدید حکمت عملی کے ذریعے دشمن کو مؤثر جواب دیا۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان نے معرکۂ حق کے دوران دشمن کی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کیا اور دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا،مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے کئی طیارے مار گرائے، جس سے دنیا بھر میں پاکستان کی دفاعی طاقت کا اعتراف کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس معرکے میں پاکستان نے جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر حکمت عملی کا کامیاب استعمال کیا، جس کے باعث چند ہی گھنٹوں میں دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے گئےانہوں نے کہا کہ یہ کامیابی صرف عسکری قوت کا نتیجہ نہیں بلکہ پوری قوم کے اتحاد، اعتماد اور حب الوطنی کے جذبے کی عکاس بھی ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم ہر مشکل وقت میں اپنی افواج کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور یہی اتحاد ملک کی اصل طاقت ہےانہوں نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کو یہ واضح پیغام دیا کہ وہ اپنی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معرکۂ حق نے نہ صرف پاکستان کی عسکری صلاحیتوں کو اجاگر کیا بلکہ عالمی سطح پر ملک کی ساکھ کو بھی مضبوط کیا پاکستان آج ایک ذمہ دار اور باوقار ریاست کے طور پر دنیا میں اپنا مؤثر کردار ادا کر رہا ہے،وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پر افواجِ پاکستان، شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔