اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ معرکۂ حق کے بعد گزشتہ ایک سال کے دوران عالمی سطح پر پاکستان کا کردار مزید نمایاں ہو کر سامنے آیا ہے اور دنیا اب پاکستان کو ایک ذمہ دار اور مؤثر ریاست کے طور پر دیکھ رہی ہے۔
نیویارک میں میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی حکمت عملی اور متوازن پالیسیوں کے باعث عالمی برادری کی توجہ مسلسل پاکستان کی جانب بڑھ رہی ہے۔
عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ آج عالمی فورمز پر پاکستان کے مؤقف کو سنجیدگی اور توجہ سے سنا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مختلف بین الاقوامی معاملات میں ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے جس کی وجہ سے اس کی سفارتی اہمیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات میں پاکستان کی سفارتی کوششیں عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ تنازعات کے پُرامن حل، مذاکرات اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ عالمی برادری اب پاکستان کی قیادت اور سفارتی اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے، پاکستان امن، استحکام اور باہمی تعاون کے اصولوں پر قائم رہتے ہوئے عالمی سطح پر اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں جاری رکھے گا۔
عاصم افتخارنے مزید کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی مقصد خطے میں امن، اقتصادی تعاون اور عالمی سطح پر بہتر تعلقات کو فروغ دینا ہے اور حالیہ سفارتی کامیابیاں اس پالیسی کی مؤثریت کا واضح ثبوت ہیں۔