بھارتی ریاست تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ کا حلف اٹھاتے ہی گھریلو صارفین کو مفت بجلی دینے کا حکم

بھارتی ریاست تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ کا حلف اٹھاتے ہی گھریلو صارفین کو مفت بجلی دینے کا حکم

بھارتی اداکار جوزف وجے نے بھارتی ریاست تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف اٹھانے کے فوراً بعد گھریلو صارفین کو 200 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

ٹریبیون انڈیا کی رپورٹ کے مطابق جوزف وجے کی پارٹی “تملگا ویٹری کژگم” (ٹی وی کے) اسمبلی میں اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے اور نئے وزیراعلیٰ نے ریاست میں خواتین کے تحفظ کے لیے ایک خصوصی فورس بنانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے انسداد منشیات کے حوالے سے ایک حکم نامے پر دستخط کیے ہیں۔

چنئی میں جواہر لال نہرو سٹیڈیم میں حلف اٹھانے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں جوزف وجے نے کہا کہ ان کی حکومت حقیقی سکیولرازم اور سماجی انصاف کے لیے پرعزم ہے اور یہ ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ انہوں نے حکومت بنانے کے لیے اپنی پارٹی کو حمایت دینے والی کانگریس، وی سی کے، آئی یو ایم ایل اور بائیں بازو کی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا۔

جوزف وجے نے خاص طور پر جین زی (Gen Z) کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ان کی وجہ سے تھا کہ ٹی وی کے جیتا کیونکہ انہوں نے اپنے خاندان والوں کو اس پارٹی کو ووٹ دینے پر قائل کیا۔ انہوں نے مزید کہا میں کسی شاہی گھرانے سے نہیں آیا، میں نے غربت اور بھوک کو قریب سے دیکھا ہے۔ لوگ میرے بارے میں مذاق اڑاتے تھے مگر آپ نے مجھے اپنے دل میں جگہ دی، جس پر میں شکرگزار ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی دو کارروائیاں، بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگرد ہلاک

اپنے خطاب میں جوزف وجے نے کہا میں بالکل آپ جیسا ہوں اور آپ میں سے ہی ایک ہوں، میں کوئی فرشتہ نہیں، بلکہ ایک عام آدمی ہوں۔

واضح رہے کہ ریاستی انتخابات میں جوزف وجے کو ویدو ویدوتھلائی چیتروتھیگال کچی (وی سی کے) اور انڈین یونین مسلم لیگ (آئی یو ایم ایل) کی حمایت حاصل ہوئی تھی جس کے بعد ان کے اتحاد نے 234 رکنی اسمبلی میں 120 نشستوں پر قبضہ کیا۔

اس سے قبل انڈین نیشنل کانگریس نے بھی وجے کی حکومت کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ اس فیصلے کی ایک بڑی وجہ اداکار سے سیاست دان بننے والے جوزف وجے کے اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں۔ دونوں کی پہلی ملاقات 2009 میں دہلی میں ہوئی تھی جہاں راہل گاندھی نے جوزف وجے کو یوتھ کانگریس میں شامل ہونے کی پیش کش کی تھی۔

Related Articles