امریکی ترجمان مارگریٹ میکلوڈ نے کہا ہے کہ امریکا نے تاحال پاکستان سمیت کسی بھی ملک کے شہریوں پر سفری پابندی عائد کرنے کا فیصلہ نہیں کیا۔
امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی اردو کی ترجمان مارگریٹ میکلوڈ نے آزاد ڈیجیٹل کیساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افواہیں بہت اُڑ رہی ہیں تاہم میں حقیقت واضح کرنا چاہتی ہوں کہ 20 جنوری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی حکمنامہ جاری کیا، جس کے تحت امریکی محکمہ خارجہ تمام ویزا پروگرامز پر از سرِنظر ثانی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس حکمنامے کو’ پروٹیکٹنگ امیرکہ فرام فارن ٹیررسٹس اینڈ ادر تھریٹس ٹو نیشنل سیکیورٹی اینڈ پبلک سیفٹی‘ کا نام دیا گیا ہے۔ جس کا مقصد امریکا اور عوام کو دیگر ممالک کے دہشتگردوں سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔
مارگریٹ میکلوڈ نے واضح کیا کہ کہ پہلے سے ہی امریکی محکمہ خارجہ ویزاکے درخواستگزاروں کی سختی سے جانچ پڑتال کرتا ہے۔ ہم درخواستگزاروں کی معلومات کو دیکھ کر سخت سکریننگ کرتے ہیں۔ ہم اس صدارتی حکمنامے کے تحت تمام ممالک کیساتھ معلومات کے تبادلے اور ویزا پروگرامز پر نظر ثانی کر رہے ہیں۔ تاہم فی الحال ایسا کوئی فیصلہ نہیں ہوا جس کے تحت پاکستان سمیت دیگر ممالک کے شہریوں پر ویزا یا سفری پابندی لگائی جائے۔
امریکی ترجمان نے کہا کہ میں واضح کرنا چاہتی ہوں کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں کوئی خاص مسئلہ نہیں ہے، اکثر صحافی ہم سے سوال کر تے ہیں کہ کسی امیدوار یا کسی سیاسی جماعت پر تبصرہ کریں لیکن ہم کہتے ہیں کہ پاکستان میں کسی رہنما یا پارٹی کو پسند کرنا پاکستان کے عوام کا فیصلہ ہوگا، امریکا پاکستان میں جمہوریت کو سپورٹ کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا آنے کیلئے کوئی ایسا طریقہ اختیار نہ کریں کہ آپکو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ امریکا غیرقانونی طریقہ کار سے آنیوالوں کو سخت جواب دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں پاکستانی نژاد پاکستانیوں کی بڑی تعداد مقیم ہے جو قانون پر عمل کرکے امریکا میں زندگی گزار رہی ہے، اگر ان کے عزیزو اقارب میں یا جاننے والوں میں کوئی ایسا شخص ہے جو غیر قانونی طریقے سے یا ڈنکی لگا کر امریکا آنا چاہتا ہے تو وہ اسے روکیں اور پیغام بھجوائیں اگر آپ قانون کے مطابق امریکا آنا چاہتے ہیں تو اس کے مواقع ملیں گے تاہم اگر آپ قانون توڑیں گے تو اس کی سزا دی جائیگی۔ اس کے علاوہ ویزا کی درخواست دیتے وقت درست معلومات دیں، اگر آپ غلط معلومات فراہم کریں گے تو یہ بھی ناجائز ہوگا۔