پاک بحریہ کی بڑی کامیابی، پہلی ہنگور کلاس آبدوز بحری بیڑے میں شامل

پاک بحریہ کی بڑی کامیابی، پہلی ہنگور کلاس آبدوز بحری بیڑے میں شامل

 پاک بحریہ کی پہلی ہنگور کلاس آبدوز ہنگور کی کمیشننگ کے سسلسلے میں چین کے شہر سانیا میں باقاعدہ تقریب منعقد ہوئی جس میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف بھی موجود تھے جبکہ پاکستان نیوی اور چینی بحریہ  کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ہنگور کلاس آبدوز کی کمیشننگ پاک بحریہ کی جدید کاری کے سفر میں ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع  بحری مفادات کے تحفظ اور اپنی اقتصادی راہداریوں کی حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے اس موقع پر کہا کہ اہم بحری گزرگاہوں میں رکاوٹیں عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے سنگین خطرہ بنتی جا رہی ہیں اور ایسے حالات میں ایک مضبوط اور جدید بحری قوت کا ہونا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنگور کلاس آبدوزیں جدید ہتھیاروں، حساس سینسرز اور ایئر انڈیپنڈنٹ پروپلشن ٹیکنالوجی سے لیس ہیں جو خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں:خوشخبری، وزیراعظم کا اپنا گھر اسکیم کا آغاز، ملک بھر میں اطلاق کا اعلان، چیکس کی تقسیم

انہوں نے مزید کہا کہ یہ آبدوزیں بحیرہ عرب اور وسیع تر بحرِ ہند میں اہم سمندری تجارتی راستوں  کے تحفظ اور کسی بھی جارحیت کو روکنے میں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔

نیول چیف نے ہنگور نام کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 1971 کی جنگ میں سابقہ ہنگور آبدوز نے ایک بھارتی جنگی جہاز کو تباہ کر کے تاریخ رقم کی تھی اور نئی ہنگور کلاس اسی شاندار روایت کو آگے بڑھائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ اور مضبوط دوستی کا مظہر ہے اور اس سے پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیت مزید مستحکم ہوگی۔

وزیراعظم پاکستان آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے اس تاریخی کامیابی پر پوری قوم اور پاک بحریہ کو مبارکباد دی ہے۔

editor

Related Articles