عیدالاضحیٰ 2026 کب ہوگی؟ رویت ہلال ریسرچ کونسل کی بڑی پیشگوئی

عیدالاضحیٰ 2026 کب ہوگی؟ رویت ہلال ریسرچ کونسل کی بڑی پیشگوئی

رویت ہلال ریسرچ کونسل نے عیدالاضحیٰ 2026 کی ممکنہ تاریخوں سے متعلق پیشگوئی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں موسم صاف رہنے کی صورت میں عیدالاضحیٰ بدھ 27 مئی 2026 کو ہونے کا امکان ہے۔

رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکریٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق ذوالحج 1447 ہجری کا نیا چاند 16 اور 17 مئی کی درمیانی شب پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق رات 1 بج کر 1 منٹ پر پیدا ہونے کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اگر 17 مئی بروز اتوار شام کے وقت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم صاف رہا تو چاند نظر آنے کے واضح امکانات موجود ہیں جس کے بعد یکم ذوالحج پیر 18 مئی کو ہوگی، جبکہ عیدالاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ منائے جانے کا امکان ہے۔

خالد اعجاز مفتی کے مطابق 17 مئی کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے بیشتر علاقوں میں 18 گھنٹے سے زائد ہوگی، جو رویت کے لیے موزوں سمجھی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد میں دہائیوں پر محیط غیر قانونی قبضے کا خاتمہ، 3500 تعمیرات گرا دی گئیں، حکومتی رٹ بحال

انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی میں غروبِ آفتاب اور غروبِ قمر کے درمیان تقریباً 55 منٹ جبکہ پشاور میں یہ دورانیہ تقریباً 63 منٹ ہوگا، جس کے باعث صاف موسم میں چاند کی رویت کے امکانات کافی روشن ہیں۔

تاہم اگر خراب موسم یا بادلوں کی وجہ سے چاند نظر نہ آ سکا تو ذوالقعدہ کے 30 دن مکمل کیے جائیں گے، اور ایسی صورت میں یکم ذوالحج منگل 19 مئی کو ہوگی۔

رویت ہلال ریسرچ کونسل کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس سال پاکستان اور سعودی عرب میں عیدالاضحیٰ ایک ہی روز یعنی 27 مئی کو ہونے کا امکان موجود ہے، جو دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے خوش آئند پیشرفت قرار دی جا رہی ہے۔

editor

Related Articles