محکمہ موسمیات نے عید قربان کے دوسرے روز بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرم اور خشک موسم کی پیشگوئی کرتے ہوئے مختلف شہروں کے لیے ہیٹ ویو وارننگ جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تربت اور بہاولنگر میں درجہ حرارت اڑتالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سبی، دادو، لاڑکانہ اور موہنجوداڑو میں پارہ سینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر، شمال مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب سندھ، جنوبی پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بعض علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے چھ ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہ سکتا ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ پانی استعمال کریں اور بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں۔
ادھر لاہور سمیت پنجاب بھر میں بھی گرمی کی شدت برقرار ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں درجہ حرارت پینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا جبکہ دوپہر کے اوقات میں شدید لو اور حبس محسوس کی گئی۔ حکام کے مطابق آج رات بارش کا کوئی امکان نہیں۔