محکمہ موسمیات نے 16 سے 20 اپریل کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، ژالہ باری اور آندھی چلنے کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ جنوبی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔
موسمیاتی ادارے کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت تلہ گنگ، جہلم، چکوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گجرات اور گوجرانوالہ میں 16 سے 18 اپریل اور 20 اپریل کی شام کو بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ 16 سے 20 اپریل کے دوران خیبرپختونخوا کے اضلاع دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مردان، پشاور، جبکہ مری، گلیات، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، بنوں اور وزیرستان میں بھی بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
18 اور 19 اپریل کے دوران جنوبی پنجاب میں آندھی اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش اور آندھی کے دوران بجلی کے کھمبوں اور درختوں کے قریب کھڑے ہونے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
اس کے علاوہ مری، کشمیر، گلگت بلتستان اور گلیات کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ موجود ہے، جس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔