محکمہ موسمیات نے بدھ کو وفاقی دارالحکومت میں آنے والی تباہ کن ژالہ باری کے بعد آئندہ دنوں میں مزید شدید اور طوفانی ژالہ باری کے امکان سے متعلق انتباہ جاری کر دیا ہے۔
بدھ کو شدید گرمی کے دوران درجہ حرارت میں اچانک گراوٹ کے ساتھ آنے والے طوفان نے سیکڑوں گاڑیوں اور شیشے والی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
بدھ کو غیر متوقع طور پر آنے والے ژالہ باری کے طوفان سے متعدد عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے جن میں تاریخی فیصل مسجد کا ایک حصہ بھی شامل ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ سڑکوں اور پارکوں میں ژالہ باری کی موٹی سفید پرت دیکھی گئی، شدید ژالہ باری سے گرم موسم اچانک سرد ہو گیا۔
طوفان کی شدت اتنی شدید تھی کہ اسلام آباد بھر میں گھروں اور پارکوں میں کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور گاڑیوں میں ڈینٹ پڑ گئے، ماہرین نے اس طرح کے شدید موسمی واقعات کو آب و ہوا کی تبدیلی سے جوڑا ہے، جس کا خطے کی موسمی صورت حال پر قابل ذکر اثر پڑ رہا ہے۔
پی ایم ڈی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ اگرچہ اس طرح کے واقعات مکمل طور پر غیر معمولی نہیں ہیں، لیکن حالیہ برسوں میں ژالہ باری کی کثرت اور شدت سے پتہ چلتا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی خطے کی آب و ہوا کو تبدیل کر رہی ہے۔
اچانک ژالہ باری کے بارے میں رہائشیوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے، کچھ نے ملک میں اچانک اس طرح کے طوفان اور زلزلوں کو خدا ئی انتقام سے منسوب کیا تو کسی نے اسے رب کی طرف سے عذاب قرار دیا ہے۔
تاہم محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ اس طرح کے واقعات اس وقت رونما ہوتے ہیں جب موسمی حالات میں اچانک تبدیلیاں آتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ بدھ کو اچانک ژالہ باری کا واقعہ بدلتے ہوئے موسم کی جانب واضح اشارہ ہے۔ ہم نے آنے والے دنوں میں اسی طرح کے طوفانوں کے امکان کے لیے الرٹ جاری کیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے ژالہ باری کے علاوہ آئندہ چند روز میں ہیٹ ویو کے امکان سے بھی خبردار کیا ہے جس سے علاقے میں شدید درجہ حرارت واپس آ سکتا ہے۔ شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ چوکس رہیں اور شدید موسمی حالات سے مزید نقصان سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔