اپنا گھر بنانے کے خواہشمند شہریوں کے لیے خوشخبری، اپنی چھت اپنا گھراسکیم کے تحت قرضے حاصل کرنے کا عمل مزید تیز کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اپنی چھت اپنا گھراسکیم کے تحت گھروں کی تعمیر میں ریکارڈ پیش رفت ہوئی ہے، جس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق پچھلی کسی بھی حکومت نے 5 سال میں جتنے گھر نہیں بنائے، اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت صرف 5 ماہ میں 28 ہزار 219 گھرانوں کو 30 ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں اس پروگرام کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے قرضے کی تقسیم کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گھروں کی تعمیر کا ہدف ہر صورت وقت پر پورا کیا جائے۔
اجلاس میں عوام کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک اور کمرشل بینک کو بھی اس اسکیم میں شامل کرنے پر غور کیا گیا۔ فی الحال اس منصوبے کے تحت 23 ہزار 500 سے زائد گھر تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ قرضے کی تقسیم میں آنے والی تمام رکاوٹیں دور کی جائیں اور بے گھر افراد کو ان کی اپنی چھت فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے۔