تجارتی ٹیرف کی جنگ بڑھنے لگی، امریکہ کا چین پر ایک اور وار، چینی بحری جہازوں پر فیس عائد کرنے کا اعلان کر دیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق امریکہ نے چینی بحری صنعت کے غلبے کو چیلنج کرنے اور ملک میں جہاز سازی کے شعبے کو دوبارہ زندہ کرنے کیلئے امریکی بندرگاہوں پر آنے والے چینی بحری جہازوں پر فیس عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق یہ فیس 14 اکتوبر 2025 سے نافذالعمل ہو گی جس کے تحت چینی ملکیت اور آپریٹ کردہ جہازوں سے فی نیٹ ٹن 50 ڈالر فیس وصول کی جائے گی۔
اس شرح میں آئندہ 3 برسوں تک ہر سال 30 ڈالر کا اضافہ ہوتا رہے گا۔ وہ جہاز جو چین میں تیار کیے گئے ہوں لیکن غیر چینی کمپنیوں کی ملکیت میں ہوں ان سے ابتدائی طور پر 18 ڈالر فی نیٹ ٹن وصول کیا جائے گا اور آئندہ 3 برسوں تک ہر سال 5 ڈالر فیس وصول کی جائے گی۔
چینی ساختہ جہازوں پر ابتدائی فیس 18 ڈالر فی ٹن یا 120 ڈالر فی کنٹینر وصول کی جائے گی جو 3 برسوں میں بتدریج بڑھے گی جبکہ گاڑیاں لے جانے والے غیر امریکی بحری جہازوں سے 150 ڈالر فی گاڑی وصول کئے جائیں گے۔