محکمہ موسمیات نے اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے جبکہ کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان میں آج بھی موسم گرم رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے، آندھی چلنے اور بارش کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ اور بونیر میں بارش جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام اور باجوڑ میں بھی بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ میں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب کے وسطی اور جنوبی اضلاع میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے، سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم، تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ بلوچستان میں بھی موسم گرم رہنے کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج بھی گرمی کا راج ہے، دن کے اوقات میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
ادھر کراچی میں گرمی کا راج برقرار ہے اور ہیٹ ویو کا خدشہ ہے ، محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ شہر میں دن بھر موسم گرم مرطوب رہے گا، صبح کا درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، شہر میں ہوائیں 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 50 فیصد ہے، بارش کا تاحال کوئی امکان نہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، دن میں درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتراضلاع میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے، سبی، ڈیرہ بگٹی، کوہلو، کیچ، کچھی، نصیرآباد، لسبیلہ میں موسم شدید گرم رہے گا، صوبے کے وسطی و شمالی علاقوں میں گردآلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔