پاکستان نے پہلگام واقعے کے حوالے سے بھارت کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا ہے وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ الزامات حقائق کے منافی ہیں اور محض ایک منظم پروپیگنڈا مہم کا حصہ ہیں۔
ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان خطے اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کے لیے مسلسل سفارتی کوششیں کر رہا ہے، تاہم بھارت کا موجودہ رویہ نہایت افسوسناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت داخلی سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے پاکستان کے خلاف جھوٹے بیانیے کو فروغ دے رہا ہے، جو کہ خطے کے امن کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
بیان کے مطابق بھارت کی جانب سے اس نوعیت کے الزامات لگانا کوئی نئی بات نہیں بلکہ یہ ایک پرانی حکمت عملی کا تسلسل ہے ترجمان نے کہا کہ ایسے الزامات کا اصل مقصد عالمی توجہ کو دیگر اہم معاملات سے ہٹانا اور خطے میں اپنی سرگرمیوں کو پس منظر میں رکھنا ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ ملک ہمیشہ سے خطے میں امن، استحکام اور باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات کے فروغ کا حامی رہا ہےترجمان نے زور دیا کہ اس قسم کے بے بنیاد دعوے نہ صرف دوطرفہ تعلقات کو متاثر کرتے ہیں بلکہ خطے میں کشیدگی میں اضافے کا بھی باعث بنتے ہیں،ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی ذمہ دارانہ سفارتکاری جاری رکھے گا اور خطے میں امن کے قیام کے لیے مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔