چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا،شہباز شریف

چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا،شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی دنیا میں ایک منفرد مثال ہے جو وقت کی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔ اسلام آباد میں پاک، چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان وہ پہلا مسلم ملک تھا جس نے چین کو تسلیم کیا اور دونوں ممالک کے تعلقات مسلسل مضبوط ہوتے گئے۔

تقریب میں صدر آصف علی زرداری، چینی قیادت کے نمائندے اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا، چاہے سیلاب ہوں یا دیگر قدرتی آفات، بیجنگ نے ہمیشہ بھرپور تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلسل ون چائنا پالیسی کی حمایت کرتا آیا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم شہباز شریف سے ایشیائی انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے صدر زوجیائی کی ملاقات

شہباز شریف نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ پاک، چین دوستی مزید مضبوط ہوئی اورپاک چین اقتصادی راہداری صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ وژن کا عملی نمونہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی معیشت، روزگار اور ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال میں پاکستان امن و استحکام کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے جبکہ پاکستانی عوام ہر مشکل وقت میں چین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے پاک، چین دوستی کو سمندر سے گہری، ہمالیہ سے بلند اور شہد سے میٹھی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ کوششوں سے ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری رکھیں گے۔

 یہ بھی پڑھیں :دنیا ’انقلابی تبدیلیوں‘ سے گزر رہی ہے لیکن پاک چین دوستی مزید مضبوط ہو رہی ہے، صدر آصف علی زرداری

شہباز شریف نے مزید بتایا کہ زراعت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کیلئے چین پاکستان کی معاونت کر رہا ہے اور ایک ہزار پاکستانی زرعی گریجویٹس چین میں جدید تربیت مکمل کر چکے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں موجود چینی شہریوں کی سکیورٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور انہیں بہترین تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔

editor

Related Articles