اسلام آباد میں مصیبت میں گھری ایک خاتون کو بچانے کی کوشش کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فضائیہ کے بہادر افسر، گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔
شہید افسر کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا، جہاں عسکری حکام، اہلِ خانہ، عزیز و اقارب اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نمازِ جنازہ میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے سینئر افسران، ایئر مین اور دیگر شرکاء کے ہمراہ شرکت کی۔ اس موقع پر شہید افسر کی بے مثال بہادری، فرض شناسی اور انسانی جان کے تحفظ کے لیے دی گئی قربانی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی عظیم قربانی پاکستان ایئر فورس اور پاکستان کی مسلح افواج کی اعلیٰ روایات کی روشن مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک بے گناہ شہری کی جان بچاتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاک فضائیہ کے افسران اور جوان نہ صرف ملکی سرحدوں کے دفاع بلکہ اپنے ہم وطنوں کی جان، عزت، وقار اور تحفظ کے لیے بھی ہر لمحہ تیار رہتے ہیں۔
ایئر چیف نے کہا کہ قوم اپنے اس بہادر سپوت کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی، جبکہ گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی جرات، ایثار اور فرض سے وابستگی آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔