بھارتی حکومت نے پاکستان کے نیوز یوٹیوب چینلز کے بعد اب ڈراموں اور دیگر شوبز مواد دکھانے والے یوٹیوب چینلز پر بھی پابندی لگادی۔
مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں 22 اپریل کو ہونے والے حملے کو جواز بنا کر بھارتی حکومت نے دو روز قبل ڈان نیوز سمیت 16 سے زائد پاکستانی نیوز یوٹیوب چینلز بند کردیے تھے۔
بھارتی حکومت نے شعیب اختر اور باسط علی جیسے کرکٹرز سمیت دیگر مواد تخلیق کاروں کے یوٹیوب چینلز پر بھی پابندی لگائی تھی۔ اب بھارتی حکومت نے ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے پاکستانی ڈرامے دکھانے والے یوٹیوب چینلز پر بھی پابندی لگادی۔
بھارتی نیوز ویب سائٹ ’سیاست‘ کے مطابق بھارتی حکومت نے پہلگام واقعے کے بعد پاکستانی ڈرامے دکھانے والے معروف یوٹیوب چینلز کو ملک میں بند کردیا۔ بھارتی حکومت نے اے آر وائے ڈیجیٹل، جیو ٹی وی اور ہم ٹی وی کے یوٹیوب چینلز کو قومی سلامتی کا خطرہ قرار دیتے ہوئے ان پر پابندی عائد کردی۔
پاکستان کے ڈرامے بھارت میں بہت مقبول ہیں اور انہیں وہاں یوٹیوب پر زیادہ دیکھا جاتا ہے لیکن بھارتی حکومت سے اپنے ملک میں بھارتی ڈراموں کی مقبولیت دیکھی نہیں گئی، اس لیے حکومت نے پاکستانی یوٹیوب چینلز کو ہی بند کردیا۔
بھارتی انٹرنیٹ صارفین اور پاکستانی ڈراموں کے مداح افراد نے بھی سوشل میڈیا پر پاکستانی ڈرامے دکھانے والے یوٹیوب چینلز کی بندش سے متعلق پوسٹس کیں اور اپنی حکومت کے فیصلے کے خلاف مایوسی کا اظہار کیا۔ پاکستانی حکومت نے تاحال کسی بھی بھارتی نیوز یوٹیوب چینل سمیت کسی بھی نیوز ویب سائٹس اور شوبز کا مواد دکھانے والے یوٹیوب چینل پر پابندی نہیں لگائی۔
پہلگام واقعے کے بعد جہاں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی و عسکری کشیدگی دیکھی جا رہی ہے، وہیں بھارت کی جانب سے پاکستان کی سرکاری ویب سائٹس سمیت دیگر ویب سائٹس پر بھی سائبر حملوں میں شدت دیکھی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں بوکھلاہٹ کا شکار بھارتی حکومت پاکستانی نیوز اور ڈرامے دکھانے والے یوٹیوب چینلز سمیت دیگر پلیٹ فارمز کو بھی بند کرنے میں مصروف ہے۔